پاک بحریہ کی انسانی ہمدردی،سمندرمیں پھنسے بھارتی جہاز کی معاونت
ایم وی گوتم کے 7افراد کو خوراک، طبی سہولیات فراہم کی گئیں:آئی ایس پی آر پاک بحریہ نے انسانی جانوں کے تحفظ کویقینی بنایا :صدر،وزیراعظم کاخراج تحسین
راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) بحیرہ عرب میں فنی خرابی کے باعث پھنسنے والے بھارتی جہاز کی مدد کے لیے پاک بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عملے کو خوراک، طبی سہولیات اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق متاثرہ جہاز ایم وی گوتم کے عملے میں 7 افراد شامل تھے جن میں 6 بھارتی اور ایک انڈونیشین شہری تھا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں کے تحت عمان سے بھارت جانے والے آف شور جہاز کی مدد کی درخواست پر فوری ردعمل دیا۔ اِسی طرح ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر سے اطلاع ملنے پر پی ایم ایس اے جہاز ‘کشمیر’ کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں پھنسے عملے کو ضروری سامان اور طبی امداد فراہم کی گئی۔
یہ کارروائی اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاک بحریہ قومیت سے بالاتر ہو کر خطے کے سمندری علاقوں میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحیرۂ عرب میں پھنسے غیر ملکی جہاز کے عملے کی بروقت امداد پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری کارروائی نے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا ، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب امدادی کارروائی پر پاکستان نیوی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نے آف شور جہاز ایم وی گوتم کی ہنگامی کال پر فوری اور مؤثر ردِعمل دیا ، نیوی نے ایک بار پھر پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔