پٹرول مزید 14.92،ڈیزل15روپے مہنگا
پٹرول414.78،ڈیزل414.58روپے لٹر ہوگیا،مٹی کا تیل41.80روپے سستا، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے ہوگیا پٹرولیم لیوی پھر 13.91روپے لٹر بڑھادی گئی ،لٹر پٹرول پر 117 روپے 41 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر 42 روپے 60 پیسے مقرر
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافے کا اعلان کردیا، وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 15 روپے اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے مقرر کر دی گئی جبکہ پٹرول کی قیمت میں فی لٹر 14 روپے 92 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا۔یاد رہے کہ حکومت نے اس سے قبل 29 اپریل کو ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لٹر اضافہ کرکے نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لٹر مقرر کی تھی جبکہ پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے کا اضافہ کردیا تھا اور نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لٹرکردی گئی تھی۔تاہم مٹی کا تیل 41 روپے 80 پیسے فی لٹر سستا کردیاگیا، جس کے بعد نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے ہوگئی۔دریں اثنا حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پرلیوی 13روپے 91 پیسے فی لٹر بڑھادی،ذرائع کے مطابق پٹرول پر لیوی کی شرح 117روپے 41پیسے اور ڈیزل پرلیوی کی شرح 42روپے 60پیسے فی لٹرکر دی گئی ہے ۔