امریکا ، ایران آبنائے ہرمز کی ٹینشن سے نکلنا چاہتے :نجم سیٹھی
امریکا ہار چکا، کسی طریقے سے نکلنا چاہتا مگر راستہ نہیں :سینئر تجزیہ کار چین ، روس ایران کے ساتھ ہیں :پروگرام’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا امریکا اور ایران کے ون پیج پرکوئی سائن ہوجائیں گے کیونکہ ون پیج کی کوئی اہمیت نہیں ،ایم او یو ایک انڈر سٹینڈنگ ہوتی ہے کوئی ایگریمنٹ نہیں ،اس وقت امریکا اور ایران میں آبنائے ہرمز پر جو کشیدگی چل رہی ہے ، وہ اس سے نکلیں کیونکہ یہ بڑھ بھی سکتی ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی میں نے کہا تھا کہ کوئی گڑ بڑ ہو گی،پھر وہی ہوا امریکا کی طرف سے ایران کے جزیرے قشم،بندرگاہ عباس پر بمباری کی گئی ،اس کے جواب میں ایران نے کاؤنٹر اٹیک کیا ،مسئلہ یہ ہے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے ،ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طریقے سے تیل کی قیمتیں زیادہ نہ بڑھیں ،دنیا کا ہر تجزیہ کار تسلیم کررہا ہے کہ امریکا ہار گیا اورایران جیت گیا ہے ،امریکا اب کسی طریقے سے نکلنا چاہتا ہے مگر نکلنے کیلئے امریکا کے پاس راستہ نہیں ۔نجم سیٹھی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کوشش کررہا ہے کہ کسی طریقے سے صدر ٹرمپ کو قائل کریں اور یہ جنگ ختم ہو ،امریکا لمبی جنگ نہیں کرسکتا،اس بات کا ایران کو بھی پتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین،روس نے صدر ٹرمپ کو یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ہیں۔