انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم ،ججز ،گواہوں کی شناخت خفیہ

انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم ،ججز ،گواہوں کی شناخت خفیہ

پراسیکیوٹرز، وکلاء کے نام بھی سامنے نہیں آئیں گے ،ان کیمرہ ٹرائل منظور حساس مقدمات میں عدالتوں تک رسائی محدود کیسز ریکارڈ محفوظ رہے گا

لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے دہشت گردی مقدمات میں ججز، وکلاء اور گواہوں کے تحفظ کیلئے بڑا قانونی اقدام اٹھاتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے ۔ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے میں دہشت گردی مقدمات کے ٹرائل سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے ،نئی ترامیم کے تحت دہشت گردی کے کیسز میں ججز، پراسیکیوٹرز، وکلاء اور گواہوں کی شناخت خفیہ رکھی جا سکے گی تاکہ حساس کیسز میں شامل افراد کو ممکنہ خطرات اور دباؤ سے محفوظ بنایا جا سکے۔

ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق حساس نوعیت کے مقدمات کیلئے خصوصی سکیورٹی، محدود عدالتی رسائی اور اِن کیمرہ ٹرائل کا نظام بھی متعارف کرانے کی تجویز منظور کر لی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق نئی ترامیم کے تحت ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی، خفیہ شناختی نظام اور محفوظ عدالتی ریکارڈ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت حساس مقدمات میں عدالتوں تک غیر ضروری رسائی محدود ہوگی جبکہ مقدمات کا ریکارڈ محفوظ اور کنٹرولڈ انداز میں رکھا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں