ٹریفک جرمانوں میں 50فیصد تک کمی، نئی شرحیں منظور
موٹرسائیکل، رکشہ اور کار کے چالان کم، سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانے برقرار مقصد جرمانے نہیں،ٹریفک اصلاحات اور حادثات میں کمی ہے :ڈی آئی جی ٹریفک
لاہور (مدثر حسین سے ) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں 50 فیصد تک کمی کر دی گئی، تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانے برقرار رکھے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کی بھجوائی گئی سمری منظور کر لی، کابینہ اور گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ قانون نے بھی ٹریفک جرمانوں سے متعلق سمری کی منظوری دیدی۔نئے قوانین کے تحت موٹرسائیکل کا چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے ، جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2 ہزار روپے ہوگا۔ رکشے کا چالان 3 ہزار سے کم کر کے ایک ہزار روپے کر دیا گیا، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔کار اور جیپ کا چالان 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار روپے کر دیا گیا ، تاہم سنگین خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے جرمانہ برقرار رہے گا۔
موٹرسائیکل، رکشے اور کاروں میں اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔2 ہزار سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا۔اسی طرح مزدا، کوسٹر، چھوٹی مسافر وین اور لائٹ وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کے جرمانے بھی 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دئیے گئے ہیں جبکہ لائٹ اور ہیوی وہیکلز کی دیگر خلاف ورزیوں پر بھی جرمانوں میں کمی کی گئی ہے ۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ مقصد جرمانے کرنا نہیں بلکہ ٹریفک اصلاحات اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے ۔