فول پروف سکیورٹی :پنجاب کی جیلوں میں کیمروں کی تنصیب جاری

فول پروف سکیورٹی :پنجاب کی جیلوں میں کیمروں کی تنصیب جاری

سینٹرل ، ڈسٹرکٹ جیلوں میں ساڑھے 4 ارب سے 12 ہزار کیمرے لگ رہے 12 جیلوں میں 31 جولائی تک تنصیب مکمل،سکیورٹی بہتر ہو گی:فاروق نذیر

لاہور (مدثرحسین سے )پنجا ب کی جیلوں میں منشیات کی ترسیل روکنے اور سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے کیمرے لگانے کے منصوبہ پر کام جاری ہے ۔ پنجاب کی سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں ساڑھے 4 ارب روپے مالیت کے 12 ہزار کیمرے لگائے جا رہے ہیں،پہلے فیز میں شامل 12 بڑی جیلوں میں 31 جولائی تک کیمرے لگانے کا منصوبہ مکمل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں جدید کیمرے لگانے کا کام جاری ہے ۔پہلے مرحلہ کے دوران سینٹرل جیلوں کوٹ لکھپت جیل ،کیمپ جیل ،اڈیالہ جیل راولپنڈی ،سینٹرل جیل گوجرانوالہ،سینٹرل جیل ساہیوال ،سینٹرل جیل بہاولپور ،سینٹرل جیل ملتان اور سینٹرل جیل ڈی جی خان میں 31 جولائی تک کیمرے لگانے کا کا م مکمل ہو جائے گا۔

ان کیمروں کی تنصیب پر ساڑھے 4 ارب روپے لاگت آرہی ہے جبکہ ڈیڑھ ارب روپے کیمروں کی مینٹی ننس کیلئے بھی مختص کئے گئے ہیں ۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جیلوں میں کیمرے لگوا رہی ہے ،تمام سینٹرل اور ڈسٹرکٹ جیلوں میں 12 ہزار کیمرے لگیں گے جو ہر جیل میں بیرونی دیواروں سے لیکر بیرکوں کے اندر تک لگیں گے ، جیل کے اندر فیشل ریکگنیشن (چہرے کی شناخت )والے کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ڈسٹرکٹ جیلوں میں کیمرے لگیں گے ۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ جیلوں کو محفوظ بنانے کیلئے جیلوں میں کیمرے لگائے جا رہے ہیں،کوشش کر رہے یہ منصوبہ جلد مکمل ہو، جیلوں میں سکیورٹی بہتر ہو گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں