پاکستان کا مقامی تیار کردہ فتح 4 گرائونڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا مقامی تیار کردہ فتح 4 گرائونڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

جدید ایویانکس اور نیویگیشنل نظام سے لیس میزائل میں طویل فاصلے تک اہداف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت موجود صدر،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل اوردیگر حکام کا اظہار اطمینان ،میزائل پروگرام میں شریک افراد کی محنت اور عزم کے معترف

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس یہ میزائل سسٹم طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس تربیتی فائرکا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل استعداد میں اضافہ اور بہتر درستگی و بقا کی صلاحیت کیلئے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کرنا تھا۔

ترجمان آئی ایس پی آرکے مطابق اس تربیتی فائرکا مشاہدہ پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسروں کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف ، چیف آ ف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو نے فتح4 کے کامیاب تربیتی فائرپر اطمینان کا اظہار کیااورفتح سیریز کے میزائل پروگرام میں حصہ لینے والے تمام افراد کی فنی مہارت، محنت اور عزم کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں