امارات سے تعلقات بہتر، پاکستانیوں کی بیدخلی کی اطلاعات درست نہیں : حکومت
کسی شہری کو شکایت ہوگی تو حکومت نوٹس لے گی:طلال ، بیدخلی معاملے پر امارات سے بات کی جائے ، شہریا ر آفریدی عالمی معاہدوں کی وجہ سے 9مئی کوپٹرول مہنگا کیا:پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم ،کورم کی نشاندہی، نامکمل نکلا، اجلاس ملتوی کرنا پڑا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے کسی فرقے یا مذہبی بنیاد پر پاکستانیوں کو ڈیپورٹ کیے جانے کی اطلاعات درست نہیں، حکومت نے ذمہ داری کے ساتھ اس معاملے کا جائزہ لیا اور ایسی خبروں کی تردید کی ہے ۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مکمل طور پر بہتر ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط موجود ہیں، اس ماہ پاکستان آنے والی ترسیلاتِ زر میں سب سے زیادہ حصہ سعودی عرب جبکہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات کا ہے ۔ پی ٹی آئی کے شہریا ر آفریدی نے کہا کہ بیدخلی معاملہ پر فوری عرب امارات کے ساتھ بات کی جائے ،پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم میاں خان بگٹی نے بتایا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی وجہ سے 9مئی کوپٹرول کی قیمت میں 15روپے کااضافہ کیاگیا ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جی ایس ٹی شامل نہیں ،توانائی کی بچت میں عوام کوبھی اپنا کرداراداکرنا چاہیے ۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی صدارت میں شروع ہوا ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 17 لاکھ سے زائد پاکستانی قانونی طور پر مقیم ہیں، جو نہ صرف یو اے ای بلکہ پاکستان اور اپنے خاندانوں کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ملکوں کے بارے میں جلد بازی میں نتائج اخذ نہیں کرنے چاہئیں کیونکہ اس سے مستقبل کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔طلال چودھری نے کہا کہ اگر کسی پاکستانی کو کوئی شکایت ہوگی تو حکومت اس کا مکمل نوٹس لے گی، حکومت ہر پاکستانی کو بلاامتیاز تحفظ فراہم کرتی ہے ، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، فرقے یا رنگ سے ہو ۔انہوں نے قومی ایکشن پلان پر ایوان میں تفصیلی بحث کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ دیکھا جائے کس صوبے اور ادارے نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کیا کردار ادا کیا، کہاں عملدرآمد ہوا اور کہاں نہیں ہوا، اگر کسی صوبے میں دہشت گردی بڑھی ہے تو اس کی وجوہات پر بھی بات ہونی چاہئے ۔
توجہ دلائو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹریپٹرولیم میاں خان بگٹی نے بتایا کہ حکومت نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا ہے جبکہ جنگی حالات کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھا آیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ورک فرام ہوم اور ہفتے میں تین دن تعطیل جیسے اقدامات بھی کیے اور مزید ریلیف کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے ۔نعیمہ کشور نے پوچھا کہ پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے اور کہا کہ یہ اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط پر کیا جا رہا ہے ۔ جواب میں میاں خان بگٹی نے کہا کہ حکومت کو آئی ایم ایف کے معاملات کو بھی دیکھنا ہوتا ہے ، تاہم عوامی مسائل پر حکومت کی توجہ موجود ہے ، حکومت کے اقدامات کی وجہ سے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات وافرمقدارمیں موجودہیں۔ حالیہ جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاو آرہاہے ، حکومت نے 128ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیاہے ، موٹرسائیکلز اورٹرانسپورٹ شعبہ کوسبسڈی دی جارہی ہے ۔ عالیہ کامران کے ضمنی سوال پرانہوں نے کہاکہ اس وقت بھارت میں پٹرول کی قیمت 296روپے اوربنگلہ دیش میں 318روپے ہے۔
شیر افضل مروت نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا اکثر اجلاس میں موجود نہیں ہوتے ، تاہم جب کوئی بل منظور کروانا ہو تو سب ایوان میں آ جاتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ ایوان 25 کروڑ عوام کی حقیقی نمائندگی کرتا ہے ۔ رکن اسمبلی شیر افضل مروت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ کسی بھی ادارے کو یہ اختیار حاصل نہیں ہونا چاہیے کہ ویزاہونے کے باوجود کسی شہری کو آف لوڈ کر دیا جائے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے کی اجارہ داری ختم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ان کی ملاقات متعدد پاکستانیوں سے ہوئی جنہوں نے مشکلات سے آگاہ کیا۔
ان کے مطابق صرف پارا چنار سے تعلق رکھنے والے 18 ہزار سے زائد افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے ۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ بیدخلی معاملہ پر فوری یو اے ای کے ساتھ بات کی جائے ۔ وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ حکومت صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 10پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے اپناکرداراداکررہی ہے ۔ صومالیہ کے قزاق تاوان کامطالبہ کرتے ہیں جس کی حکومت حوصلہ شکنی کرتی ہے ۔کوشش کررہے ہیں معاملہ احسن طریقے سے حل ہو ۔مغویوں کے خاندانوں کواکیلے نہیں چھوڑاجائے گا۔ ایوان میں سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی والدہ اور دیگر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس کے دوران ایک بار پھر اپوزیشن رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی تو کورم پورا نہ نکلاجس پر ڈپٹی سپیکر نے کورم مکمل ہونے تک اجلاس کی کارروائی موخر کر دی۔ بعدازاں کورم پورا ہونے پر اجلاس شروع کیاگیا ۔