تاجروں کا احتجاج،لاک ڈائون ختم کرنے کیلئے کل تک کاالٹی میٹم

تاجروں کا احتجاج،لاک ڈائون ختم کرنے کیلئے کل تک کاالٹی میٹم

آبپارہ میں تاجر سہ پہر 3سے 5بجے تک دوکانیں بند کرکے سڑکوں پرنکل آئے 16مئی سے مارکیٹیں پرانے اوقات کے مطابق کھولیں گے :کاشف چودھری

 اسلام آباد (دنیا نیوز،اپنے رپورٹر سے )اسلام آباد لاک ڈائون کے خلاف تاجر تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کر دیا ،مارکیٹوں کے اوقات اور انتظامیہ کے خلاف تاجرآبپارہ چوک میں دوکانیں بند کرکے سڑکوں پر آ گئے ، تاجروں نے سہ پہر 3سے 5بجے تک دکانیں بند کر دیں، احتجاج میں مختلف مارکیٹوں کے تاجر موجودتھے ،مظاہرین نے دکانوں کے اوقات میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ ادھرمرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے ملک بھر میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے حکومت کو 16 مئی کا الٹی میٹم دیدیا ہے اور کہا ہے کہ عیدالاضحی سے قبل سمارٹ لاک ڈاؤن ختم نہ کیا گیا تو 16 مئی سے ملک بھر میں تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز پرانے اوقات کار کے مطابق کھول دیئے جائیں گے ، حکومت تاجروں کا کاروبار بند کرنا چاہتی ہے لیکن تاجر برادری ہر قیمت پر اپنے روزگار کا تحفظ کرے گی۔

کاشف چودھری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پولیس، انتظامیہ یا پیرا فورسز کو تاجروں کی دکانیں زبردستی بند نہیں کرنے دی جائیں گی۔ملک بھر میں تاجروں کے احتجاج، اتحادویکجہتی اور دباؤ کے نتیجے میں حکومت مذاکرات پر مجبور ہوئی اور حکومتی سطح پر یقین دہانی کروائی گئی کہ عیدالاضحی کے موقع پر لاک ڈاؤن ختم کر دیا جائے گا تاکہ تاجر آزادانہ کاروبار کر سکیں تاہم اگر اس یقین دہانی پر عمل نہ کیا گیا تو ملک بھر میں ہم خود لاک ڈاؤن ختم کر دیں گے اور پرانے اوقات کار کے مطابق کاروبار کھولیں گے ، کاشف چودھری نے کہا پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت میں تاجروں کی احتجاجی تحریک رنگ لے آئی ہے اور تاجروں کی یکجہتی ہی ان کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے تاجر تنظیموں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹوں میں پہرے دیں اور اگر کسی جگہ انتظامیہ زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کرے تو بھرپور احتجاج کیا جائے ،یہ ہمارا حق ہے اگر کسی تاجر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی قانونی ٹیمیں فوری طور پر ان کا دفاع کریں گی۔دوسری جانب وزارت خزانہ کے ساتھ ہونے والے مشاورتی اجلاس میں کاشف چودھری نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے تاجروں کو ریلیف دینے ، ٹیکسوں میں کمی اور مختلف معاشی شعبوں کی بحالی سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں، ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانا ہے تو تاجروں کو آزادی اور سہولت دینا ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں