سندھ ہائیکورٹ:پبلک سروس کمیشن امتحان کے نتائج معطل
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے مشترکہ مسابقتی امتحان 2024 کے نتائج کے خلاف دائر آئینی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ 6 مئی 2026 کے نتائج معطل کرتے ہوئے امتحان کا مکمل ریکارڈ سربمہر کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سیکریٹری اور کنٹرولر امتحانات سندھ پبلک سروس کمیشن کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو عبدالرحمن، احسن علی، عطااللہ شاہ، محمد شعیب، نعمان سمی، اسود علی اور اللہ ڈنو سمیت دیگر امیدواروں کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مسابقتی امتحان 2024 کے نتائج من مانے ، امتیازی، غیر شفاف اور بدنیتی پر مبنی انداز میں جاری کیے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست میں اٹھائے گئے نکات کو قابل غور قرار دیتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین کو 21 مئی 2026 کے لیے نوٹس جاری کردئیے ۔