NCCI کو کیمبرج امتحانی پر چے لیک معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت

NCCI کو کیمبرج امتحانی پر چے لیک معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت

سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت اجلاس،پر چے لیک ہونے پر تشویش کا اظہار معاملہ بظاہر پرچے لیک ہونے کے بجائے چوری کا معلوم ہوتا :برطانوی ڈپٹی ہا ئی کمشنر

 اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )وزارت داخلہ میں کیمبرج امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے معاملے پر اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے کی۔ انہوں نے کیمبرج امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے پر شدید تشویش کا اظہارکیا۔ سیکرٹری داخلہ نے ڈی جی این سی سی آئی کو ہدایت کی کہ وہ کیمبرج کے تعاون سے اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کریں۔ اجلاس میں وزارت تعلیم ، کیمبرج اسیسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے نمائندوں ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سید خرم علی، وزارت خارجہ ،برٹش کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری تعلیم نے شرکا کو حکومت اور والدین کی جانب سے کیمبرج او لیول ریاضی کے امتحانی پرچوں کے مبینہ لیک ہونے پر تشویش سے آگاہ کیا۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے بتایا کہ یہ معاملہ بظاہر پرچے کے لیک ہونے کے بجائے چوری کا معلوم ہوتا ہے ۔ کیمبرج کے نمائندگان نے کہا کیمبرج امتحانات کے انعقاد میں شفافیت پر عمل کرتا ہے ۔سیکرٹری تعلیم نے ایک اور امتحانی پرچے کے مبینہ لیک ہونے کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کیمبرج سے اس معاملے پر باضابطہ مؤقف طلب کیا۔ کیمبرج کے نمائندگان نے کہا جلد از جلد تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں