پاک چین دوستی کے 75 برس :پنجاب حکومت تقریب منعقد کریگی
تقریب 25 مئی کو ایکسپو سینٹر میں منعقد کئے جانے کا امکان ،ابتدائی تیاریاں شروع چین کے تعاون سے مکمل ، جاری ترقیاتی منصوبوں کی خصوصی نمائش کی جائیگی:ذرائع
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کے 75برس مکمل ہونے پر پنجاب حکومت نے پروقارتقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات، مشترکہ ترقیاتی سفر اور معاشی تعاون کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق تقریب کے انعقاد کی ذمہ داری پارکس اینڈ ہارٹی کلچر ا تھارٹی لاہور کو سونپ دی گئی ہے ، اس حوالے سے انتظامی اور تزئین و آرائش کے معاملات پر ابتدائی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔یہ تقریب 25 مئی کو ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں منعقد کئے جانے کا امکان ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تقریب میں خصوصی شرکت کریں گی جبکہ چائنیز قونصلیٹ، صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام اور پاک چین منصوبوں سے وابستہ اہم شخصیات کو بھی مدعو کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔تقریب میں پنجاب بھر میں چین کے تعاون سے مکمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سی پیک منصوبے کو تقریب میں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی ، لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا۔شرکا کو سی پیک کے تحت مکمل مختلف منصوبوں سے متعلق خصوصی بریفنگ بھی دی جائے گی ۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں چلنے والی چین سے درآمد الیکٹرک بسوں بارے بھی خصوصی ڈاکیومنٹری دکھائے جانے کا امکان ہے ۔