موٹر سائیکل، رکشہ کا جرمانہ 500کرنیکا کہہ دیا :گورنر پنجاب
28 ویں آئینی ترمیم میں کسی غیر جمہوری شق کی حمایت نہیں کی جائے گی بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ،بنگلہ دیشی افسروں کے وفد کی ملاقات
لاہور (سپیشل رپورٹر،کامرس رپورٹر سے ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں اپنا آئینی کردار ادا کر رہا ہوں۔ٹریفک جرمانوں میں کمی کے بل پر دستخط تو کر دئیے ہیں لیکن ان میں مزید کمی کا نوٹ بھی تحریر کیا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ،گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران اپنی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گورنر بنا تو یونیورسٹیز کے حالات خراب تھے 34 مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی کی ہے ،ٹکرائویا پوائنٹ سکورنگ کی سیاست نہیں کرتا لیکن جہاں ضرورت ہو اس پر حکومت کو نشاندہی ضرور کرتا ہوں انہوں نے کہا ٹریفک جرمانے کم ہونے کے بل پر دستخط تو کر دئیے لیکن حکومت کو نوٹ لکھا ہے کہ موٹر سائیکل اور رکشے کا جرمانہ دو ہزار سے کم کر کے پانچ سو روپے کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں بہتر جمہوری مقام تک نہ پہنچنے میں سیاسی لیڈر شپ کی بھی غلطیاں ہیں، انہوں نے کہا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آتے ایم این اے اور ایم پی اے بھی اس کے حق میں نہیں لیکن عوامی مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی ادارے ضروری ہیں ،گورنر نے کہا کہ آئین میں ترامیم ہوتی رہتی ہیں لیکن 28 ویں ترمیم میں کوئی بھی غیر جمہوری یا آئین کی اصل روح کے منافی شق ہوئی تو حمایت نہیں کریں گے ، دریں اثنا گورنر ہاؤس لاہور میں بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسروں پرمشتمل وفد نے ملاقات کی ،اس موقع پر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار اور اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ،آج پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔