ڈرون ٹیکنالوجی پر انٹر ایکٹو سیشن، نجی شعبہ کی ممتازکمپنیوں کی شرکت

  ڈرون ٹیکنالوجی پر انٹر ایکٹو سیشن، نجی شعبہ کی ممتازکمپنیوں کی شرکت

نجی شعبے کے ریگولیٹری طریقہ کار،تحقیق میں معاونت کی جا ئیگی ، وزارت دفاعی پیداوار

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزارتِ دفاعی پیداوار کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی میں ڈرون ٹیکنالوجی کے حوالے سے انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیا جس میں نجی شعبے کی ممتاز کمپنیوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے کی۔ شرکا نے کہا حالیہ عالمی تنازعات نے جدید جنگی حکمتِ عملی، انٹیلی جنس معلومات کے حصول، سرحدی نگرانی اور درست ہدفی کارروائیوں میں ڈرونز کے فیصلہ کن کردار کو نمایاں طور پر اجاگر کیا ہے ، کمپنیوں نے اپنے تحفظات، عملی مسائل اور سفارشات پیش کیں۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو مستقبل کی پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا ۔وزارتِ دفاعی پیداوار نے کہا نجی شعبے کو ریگولیٹری طریقہ کار، ٹیسٹنگ انفراسٹرکچر، خریداری کے نظام اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقامی سطح پر تیار کردہ غیر انسانی فضائی صلاحیتوں کی تیز رفتار ترقی کے لیے ریاستی اداروں اور نجی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں