ہائیکورٹ : عمران کی قید تنہائی کیخلاف نئی درخواست دائر
بانی کی دائیں آنکھ کی 85فیصدبینائی ضائع ہو چکی :درخواستگزار علیمہ خان وکلا کو ملاقات سے روکا جارہا ،قید تنہائی غیر قانونی قرار دی جائے :موقف
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی گئی ۔ علیمہ خان نے بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ کی وساطت سے دائر درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب،چیئرمین نیب،ڈی جی ایف آئی اے ، ایم ایس پمز ہسپتال اور ریاست کو فریق بنایا ہے ۔درخواستگزار نے مو قف اختیار کیا ہے کہ کسی بھی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو تنہائی میں قید کی سزا نہیں سنائی، تعزیرات پاکستان جیل رولز کے تحت ایسی قید غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے ،جیل رولز کے مطابق کسی بھی قیدی کو ایک وقت میں 14 دن سے زیادہ تنہائی میں نہیں رکھا جا سکتا۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر ہونے والی ملاقات میں انکشاف ہوا کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد ضائع ہو چکی ،بار بار انجکشن لگنے کے باوجود بینائی میں بہتری نہیں آئی، وکلا کو قانونی مشاورت اور پاور آف اٹارنی پر دستخط کروانے کے لیے ملاقات سے روکا جا رہا ہے ،تحریک انصاف کے چیئرمین، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کو آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی قرار دیا جائے ۔