پاکستان جلدخود ویکسین تیار کرنے کے قابل ہو جائیگا:وزارت صحت

پاکستان جلدخود ویکسین تیار کرنے  کے قابل ہو جائیگا:وزارت صحت

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ قومی ویکسین پالیسی کی منظوری ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے جس کے بعد پاکستان کو مقامی سطح پر ویکسین تیار کرنے کا باقاعدہ اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق پاکستان مقامی سطح پر ویکسین  سازی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے اور آنے والے دنوں میں ملک خود ویکسین تیار کرنے کے قابل ہو جائے گا،اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت 2D بارکوڈ کے نفاذ پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈریپ کی جانب سے جاری آٹومیشن اقدامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ہدایت کی کہ ڈریپ ڈبلیو ایچ او کے لیول تھری اسٹیٹس کے حصول کے لئے تمام ضروری اقدامات میں مزید تیزی لائے ۔انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت کے بعد پاکستانی ادویات کو دنیا کے 150 ممالک تک رسائی حاصل ہو سکے گی جبکہ اس وقت پاکستان کی ادویات 51 ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف ادویات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی مزید مضبوط ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں