اسحاق ڈارسے برطانوی و امریکی حکام کے الگ الگ رابطے

اسحاق ڈارسے برطانوی و امریکی حکام کے الگ الگ رابطے

برطانوی وزیر خارجہ ایوٹ کوپر سے ٹیلیفونک گفتگو ،خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال

اسلام آباد(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کی وزیر خارجہ ایوٹ کوپر اور امریکی معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی  و وسط ایشیائی امور پال کپور سے الگ الگ رابطوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔برطانوی وزیر خارجہ ایوٹ کوپر کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری صورتحال کا جائزہ لیا اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر بات چیت کی۔ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے متعلقہ فریقین کے درمیان پرامن مذاکرات کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے کے مسائل کے حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کے اصول پر کاربند ہے ۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی سکیورٹی اور عالمی تجارت پر موجودہ صورتحال کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی رابطوں اور مسلسل مکالمے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے اسلام آباد میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں اسحاق ڈار نے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کے حالیہ دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے ۔انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کیا اور اعلیٰ سطح کے باقاعدہ روابط اور بامقصد مذاکرات جاری رکھنے پر زور دیا۔امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے علاقائی ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں