بلوچستان :خاتون پولیس کانسٹیبل شہید،شوہر ،بیٹا زخمی
شاہ آباد سے تربت جاتے نشانہ بنایا گیا،شیرخوار بیٹا محفوظ رہا شہید کانسٹیبل شکیلہ جیسی بہادر بیٹیاں قوم کا فخر :محسن نقوی
تربت ، کوئٹہ (نامہ نگاران، سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون پولیس کانسٹیبل کو شہید جبکہ ان کے شوہر اور کمسن بیٹے کو زخمی کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ ضلع کیچ میں لیڈی کانسٹیبل شکیلہ اپنے شوہر سُنیل جان ، 2کمسن بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شاہ آباد سے تربت شہر کی طرف جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے آبسر ریسرچ فارم کے قریب ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں خاتون پولیس اہلکار شکیلہ موقع پر دم توڑ گئی جبکہ اس کا شوہر اور ایک آٹھ سالہ بچہ زخمی ہوگئے ،دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ،حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔
پولیس حکام کے مطابق لیڈی کانسٹیبل کورٹ ڈیوٹی کیلئے جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، لیڈی کانسٹیبل کی گود میں موجود سات ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ اس سے قبل اپریل میں ضلع خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کو قتل کر دیا تھا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا لیڈی کانسٹیبل شکیلہ نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا،بلوچستان کی بہادر بیٹی نے فرض نبھاتے ہوئے وطن عزیز پر جان قربان کی،شہید لیڈی کانسٹیبل شکیلہ جیسی بہادر بیٹیاں قوم کا فخر ہیں۔دریں اثنا پنجگور میں مسلح افراد نے این 85قومی شاہراہ پر کسٹمز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے عملے کو یرغمال بنالیا اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،مزید کارروائی جاری ہے ۔