سندھ،پختونخوا، بلوچستان میں بھی کاروباری اوقات کی پابندیاں ختم

 سندھ،پختونخوا، بلوچستان میں بھی کاروباری اوقات کی پابندیاں ختم

مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز اب معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے

کراچی،کوئٹہ ،پشاور(این این آئی)پنجاب کے بعدسندھ،بلوچستان اور پختونخوا میں بھی تمام کاروباری مراکز کے اوقات بندش کی پابندی ختم کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کاروباری برادری اور عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تمام دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، شادی ہالز اور مارکیز کو بندش کے اوقات سے مستثنیٰ قرار دے دیاہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب کاروباری مراکز سابقہ پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقات کار جاری رکھ سکیں گے ۔

ادھر بلوچستان حکومت نے عید الاضحی سے قبل کاروباری مراکز کو اوقاتِ بندش سے یکم جون تک استثنیٰ دے دیا ہے ۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے جاری حکمنامے کے مطابق یکم جون 2026ء تک صوبہ بھر میں تمام دکانیں، کاروباری مراکز، شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات گئے تک کھلی رہ سکیں گی، یہ فیصلہ عوام کو عید کی خریداری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ۔اسی طرح پختونخوا حکومت نے پشاور میں دکانوں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کے اوقاتِ کار پر عائد تمام پابندیاں ختم کر دیں ،اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے کاروبار بند کرنے سے متعلق تمام سابقہ نوٹیفکیشنز واپس لے لئے ہیں ۔یاد رہے ایک روز قبل پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن یکم جون تک ختم کر دیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں