بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے سسٹم خراب رہے ،شبر زیدی

بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے سسٹم خراب رہے ،شبر زیدی

پی ٹی آئی حکومت میں دباؤ میں تھا ، جو کرنا چاہتا ، وہ نہیں کرپارہا تھا ایف بی آر کو جتنا اختیار دیں گے کرپشن بڑھے گی، سابق چیئرمین ایف بی آر

 اسلام آباد(آئی این پی )سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے سسٹم خراب رہے ، میں پی ٹی آئی حکومت میں دباؤ میں تھا،جو چیز کرنا چاہ رہاتھا وہ نہیں کر پا رہاتھا،جونظام کیخلاف چلتا ہے نظام اسے اٹھا کر باہر پھینک دیتا ہے ۔ پراپرٹی ویلیو ایشن کے ٹیبل کو ریوائز کرنے کی کوشش کی تھی، تاجروں کو رجسٹرڈ کرنے کی کوشش کی تھی، بینکوں کی ٹرانزیکشن کو ریلیٹ کرنیکی کوشش کی تھی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے ایف بی آر میں 10 سے 15 ہزار افراد کو فارغ کرنے کا کہا، میں کہتا تھا ایف بی آر میں 15 ہزار افراد کی ضرورت نہیں، ان 15 ہزار افراد کو گھر بٹھا دیں،آفس نہ آنے دیں،یہ سب چیزیں نہیں ہوئیں،اہلخانہ نے مشورہ دیا کہ چھوڑ کر کراچی آجائیں، بانی نے مجھ پر بہت دباؤ ڈالا کہ میں واپس آجاؤں، ان کے کہنے پرایف بی آرمیں واپس آیا، ایف بی آرمیں جو چیزیں دیکھیں اس سے میری طبیعت مزید خراب ہوئی،پھرکراچی واپس آگیا، میں نے کبھی ایف بی آر سے استعفیٰ نہیں دیا۔

ان کا کہناتھا کہ حکومتیں دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ کیش اکانومی کم کریں گی، ریئل اسٹیٹ کو درست کریں گی، سمگلنگ روکیں گی۔ حکمران ، آتاہے تو کچھ مہینے بعد وہ نظام کا حصہ بن جاتا ہے یا بنا دیا جاتا ہے ، پاکستان میں تبدیلی یا انقلاب صرف ایک لفظ ہے ، نظام درست کرنے کیلئے بندہ لائیں گے تو نظام اسے 6 مہینے بعد باہر پھینک دے گا، نظام درست کرنے کیلئے مشین لانا ہو گی، پچھلے 10سال میں ہماری ٹیکس کلیشن 14 ہزار ارب روپے تک جاچکی ہے ، معیشت کا حجم بڑھ گیا ہے ۔ ہم اب بھی جی ڈی پی کے حساب سے 10 فیصد ٹیکس جمع کرتے ہیں، حکومت کی مکمل ناکامی ٹیکس کلیکشن نہ ہونا ہے ، ایف بی آر کو گرفتاری کے اختیارات نہیں ہونے چاہئیں، ایف بی آر کو جتنے اختیارات دیں گے اتنی کرپشن بڑھے گی، کاروباری برادری کو مسائل نہیں، صنعتی لوگوں اور تاجروں کو الگ الگ کرنا چاہیے ۔ بانی پی ٹی آئی اورجنرل (ر) باجوہ مجھے سپورٹ کر رہے تھے ، بانی کی مجھے جتنی سپورٹ تھی،شایدکسی بندے کو نہیں ملے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں