سابق ایس پی عارف شاہ کو قتل کیس میں سزائے موت

سابق ایس پی عارف شاہ کو  قتل کیس میں سزائے موت

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے سینیٹ ملازم حمزہ خان قتل کیس میں ملزم وفاقی پولیس کے سابق ایس پی عارف حسین شاہ کو سزائے موت اور جرمانہ، دوشریک مجرمان کوعمر قید اور جرمانہ کی سزا سنا دی۔

 عدالت نے دلائل مکمل  ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر مجرم عارف شاہ کو سزائے موت اور دس لاکھ جرمانہ کیا،شریک مجرموں صابر شاہ اور ثقلین کو عمر قید اور بیس لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی۔ استغاثہ کے 17 گواہ پیش کیے گئے تھے ۔ عارف شاہ نے حمزہ کو اغوا کے بعد قتل کیا تھا اور لاش مجرم عارف شاہ کے آبائی گھر مانسہرہ سے ملی تھی، قتل کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہے ۔ ادھر عدالت نے مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا جس میں کہاگیا کہ جرم ثابت ہونے پر سابق ایس پی عارف حسین شاہ کو دفعہ 302 کے تحت سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ، مجرم صابر شاہ اور ثقلین شاہ کو دفعہ 302 کے تحت عمر قید اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی جاتی ہے ، اغواء کی دفعات کے تحت تینوں کو 10، 10 سال قید اور 10، 10لاکھ روپے جرمانہ،ثبوت مٹانے کی دفعہ کے تحت 7، 7 سال قید اور 1،1 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا بھی دی جاتی ہے ، تمام سزاؤں کا اطلاق بیک وقت ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں