پنجاب میں قائم 56 پبلک سیکٹر کمپنیوں کی تفصیلات طلب
بلدیاتی نظام میں کمپنیوں کا قیام غیر قانونی قرار دیا جائے :درخواست گزار بتایا جائے صوبے میں کتنی کمپنیاں فعال ہیں، لاہور ہائیکورٹ کا استفسار
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے پنجاب حکومت کی جانب سے پبلک سیکٹر میں قائم 56 کمپنیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سرکاری وکیل سے ان کمپنیوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے صوبے میں کتنی کمپنیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں۔درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ منیر احمد نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی حکومتوں کی موجودگی میں 56 پبلک سیکٹر کمپنیوں کا قیام غیر قانونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں میں ارکانِ صوبائی اسمبلی کی تقرری بھی آئین اور قانون کے منافی ہے ۔وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنیوں کا قیام قانونی تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت 56 کمپنیوں کی تشکیل اور ان میں ارکان کی شمولیت کو کالعدم قرار دے ۔