قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔
امریکی سفیر نے پاکستان ریلوے کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی یقین دہانی کرائی اور کہا امریکا پاکستان ریلوے کے انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا اور جلد اس میں سرمایہ کاری کریگا ۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے عالمی شراکت داروں کیلئے ٹریک ایکسس پالیسی متعارف کرا رہا ہے ، امریکی سرمایہ کاروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔امریکی سفیر نے کہا امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جا ئے گی ، ملاقات میں پاکستان ریلوے میں لوکوموٹیوز، ویگنز، فریٹ آپریشنز اور ریلوے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی گئی اور پاکستان ریلوے اور امریکی کمپنی ویب ٹیک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے بیڑے میں شامل 254 امریکی ساختہ لوکوموٹیوز دوطرفہ تعاون کی روشن مثال ہیں۔