بنگلا دیشی بھینسا ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ سوشل میڈیا سٹار بن گیا
ڈھاکا(نیٹ نیوز)بنگلادیش میں سنہرے بالوں والا ایک بھینسا ‘ڈونلڈ ٹرمپ’ سوشل میڈیا سٹار بن گیا۔ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے اس البینو بھینسے کے ساتھ تصویر کھنچوانے کے لیے دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
38 سالہ مالک ضیاء الدین مردھا کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نے اس 700 کلو وزنی بھینسے کا نام امریکی صدر ٹرمپ کے مشہور ہیئر سٹائل سے مشابہت کی وجہ سے رکھا۔انہوں نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے چھوٹے بھائی نے اس کے غیرمعمولی بالوں کی وجہ سے یہ نام تجویز کیا تھا۔دارالحکومت ڈھاکا کے قریبی علاقے نارائن گنج میں واقع فارم پر رواں مہینے اس سوشل میڈیا سٹار کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ برقرار رہا۔فارم پر موجود افراد بھینسے کی خوب خدمت کرتے ہیں ۔