بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند ،تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے:دفتر خارجہ
جدوجہد آزادی دہشت گردی نہیں، پاکستان اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی سفارتی ذرائع استعمال کرتا رہے گا طالبان حکومت کو تحریری یقین دہانی کرانا ہوگی کہ افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی ، بریفنگ
اسلام آباد (وقائع نگار)ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بند ، تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو رہا کرے ، کلبھوشن یادیو کیس بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے ، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار نہیں دے سکتا، جموں و کشمیر تنازع کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا ضروری ہے ،ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے حصے کے ایک قطرہ پانی پر بھی سمجھوتا نہیں کرے گا ، پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے قانونی اور سفارتی ذرائع استعمال کرتا رہے گا ، ترجمان نے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں کسی بھی فریق کے یک طرفہ طور پر علیحدگی اختیار کرنے کی کوئی شق نہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے ، تنازعات کے پُرامن حل کے لئے سہولت کار اور ثالث دونوں کا کردار ادا کر رہا ہے ، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ دہشت گردی ہے ، طالبان حکومت یا تو افغان سر زمین سے پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سہولت کار ہے یا چشم پوشی کر رہی ہے ۔
ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ میں مطالبہ کیا ہے کہ طالبان حکومت تحریری یقین دہانی کرائے کہ افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، ورنہ تعلقات موجودہ سطح پر ہی رہیں گے ،پاکستان نے بی ایل اے ، ٹی ٹی پی سمیت دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران کے 2 اہم دورے کئے ہیں، ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں ، اہم ملاقاتوں میں سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ،پاکستان اور چین اپنی دوستی کی 75 سالہ تقریبات منا رہے ہیں ،دونوں ممالک نے گزشتہ 75 سال میں ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، تجارت، صنعت، تعلیم اور عوامی رابطوں میں باہمی شراکت داری موجود ہے ، سفارتی تعلقات کے 75 سال پر پاک چین لازوال دوستی اور باہمی تعاون کا اعادہ کیا جارہا ہے ،وزیرِ اعظم شہباز شریف آج سے 26 مئی کو چین کا دورہ کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کی چین کے دورے میں چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ سے ملاقات ہو گی، وزیرِ اعظم پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کی صدارت کریں گے ۔