بلوچستان:5ٹرک نذر آتش پولیس افسر سمیت 4 افراد اغوا
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے حملے کرکے کوئلے سے لدے 5ٹرک نذر آتش کر دیئے جبکہ ایک پولیس افسر سمیت 4 افراد کو اغوا بھی کر لیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے۔
کہ ضلع زیارت کے علاقہ مانگی میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے کوئلے سے لوڈ پانچ ٹرکوں کو نذر آتش کیا ،یہ ٹرک ہرنائی سے پنجاب جارہے تھے ۔ حملہ آور مانگی پولیس کے ایس ایچ او مسعود پانیزئی سمیت 4 افراد کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ۔ محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے رابطہ پر بتایا ہے کہ گزشتہ شب شرپسندوں نے زیارت میں کوئلے سے لوڈ5 ٹرکوں کو نذر آتش کیا، پولیس اور سکیورٹی فورسز شرپسندوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔زیارت سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر نورمحمد دومڑ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ادھر ضلع چاغی میں پولیس حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے چہتر کے مقام پر حملہ کرکے آئل ٹینکروں کو نقصان پہنچایا جبکہ ضلع نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔