سانگھڑ:بھیل قبیلے کے 34 افراد دائرہ اسلام میں داخل

سانگھڑ:بھیل قبیلے کے 34 افراد  دائرہ اسلام میں داخل

سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سانگھڑ کی تحصیل کھپرو کے گاؤں قاضی فیض محمد اور فقیر امام بخش کے رہائشی سندھی ہندو بھیل قبیلے کے ایک ہی خاندان کے 34 افراد نے کلمہ طیبہ پڑھ کر اسلام قبول کر لیا۔

 نومسلموں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ جمعہ کی نماز کے بعد نورِ مصطفیٰ مسجد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی،  جہاں احمد علی سکندری کے ہاتھوں بھیل کمیونٹی کے  34 افراد دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ۔ انتظامیہ کے مطابق ان تمام افراد نے دینِ اسلام کی حقانیت اور اس کی پرامن تعلیمات سے متاثر ہو کر یہ قدم اٹھایا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احمد علی سکندری نے واضح کیا کہ نو مسلموں پر کسی قسم کا کوئی جبر، دباؤ یا زبردستی نہیں کی گئی، انہوں نے اپنی خوشی اور آزاد مرضی سے اسلام قبول کیا ہے ۔ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ قاسم راجڑ نے بتایا کہ اس قبیلے میں قبولِ اسلام کا یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ اس سے قبل بھی اسی قبیلے کے 350 افراد مشرف بہ اسلام ہو چکے ہیں، جس کے بعد اب یہ تعداد 384 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے سے مسلمان ہونے والے افراد باقاعدگی سے قرآن پاک کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور قبیلے کے متعدد افراد حج اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اسلام کی آغوش میں آنے والے نو مسلم اللہ بخش نے میڈیا کے سامنے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ہم نے کسی بھی دباؤ کے بغیر صرف اسلام کی سچائی اور محبت سے متاثر ہو کر یہ فیصلہ کیا ہے ۔ اسلام کی آغوش میں آکر مجھے جو دلی سکون محسوس ہو رہا ہے ، وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ تقریب کے اختتام پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے تمام افراد کی دین پر ثابت قدمی، بخشش اور ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں