بنگلہ دیش :سول سرونٹ ٹریننگ بھارت سے پاکستان منتقل
اہم سفارتی تبدیلی کا اشارہ ،پہلی بار افسر لاہور میں تربیت حاصل کررہے ہیں ڈھاکہ بھارت پر انحصار کم کرنے لگا ،اسلام آباد کے ساتھ تعلقات بہتر بنا رہا
لاہور (اے پی پی)بنگلہ دیش نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سول سرونٹ ٹریننگ بھارت سے پاکستان منتقل کردی ہے ،کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لاہور میں پہلی بار بنگلہ دیشی افسر تربیت حاصل کر رہے ہیں،جسے ڈھاکہ کی خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلی قراردیاجارہاہے ، بنگلہ دیش نے بھارت کے ساتھ اپنا پرانا تربیتی نظام معطل کردیاہے اور پاکستان سے دفاعی و اقتصادی تعاون میں بھی اضافہ ہوا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلیٰ افسروں کی تربیت کا پروگرام بھارت سے پاکستان منتقل کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے ایک اہم سفارتی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے ، رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ 2024میں شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی میں وسیع تر تبدیلی کا حصہ ہے ، جس کے تحت ڈھاکہ بھارت پر انحصار کم کرتے ہوئے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات بہتر بنا رہا ہے ۔