لاہور ہائیکورٹ:ریونیوریکارڈ میں غلط اندراج سے جائیداد کی فروخت غیر قانونی قرار

لاہور  ہائیکورٹ:ریونیوریکارڈ  میں  غلط  اندراج  سے  جائیداد  کی  فروخت  غیر  قانونی  قرار

ریونیو افسر کسی شخص کو محض نام درستگی کے بہانے جائیداد سے محروم نہیں کر سکتے :جسٹس راحیل کامران ہر معاملے میں فریقین کو سول کورٹ بھیجنا ضروری نہیں:عدالت، درخواست گزار کی مالکانہ حقوق کی استدعا مسترد

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ریونیو ریکارڈ میں غلط اندراج کے ذریعے جائیداد کی ملکیت تبدیل کرنے اور بعد ازاں اس کی فروخت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی بنیاد پر قائم کسی بھی لین دین کو قانونی تحفظ حاصل نہیں ہو سکتا۔جسٹس راحیل کامران نے ارشد علی کی درخواست پر 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کی 152 کنال اراضی کے مالکانہ حقوق دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر کسی معاملے کی بنیاد ہی غیر قانونی ہو تو اس پر کھڑی پوری عمارت بھی گر جاتی ہے ،ریونیو افسر کسی شخص کو محض نام درستگی کے بہانے جائیداد سے محروم نہیں کر سکتے ، صرف کلریکل یا ٹائپنگ کی غلطی درست کی جا سکتی ہے مکمل مالک کی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ فیصلے کے مطابق کسی ایک شخص کا نام ختم کر کے دوسرے کا نام شامل کرنا نام کی درستگی نہیں بلکہ غیر قانونی اقدام ہے ۔

عدالت نے مزید واضح کیا کہ ریونیو ریکارڈ میں ملکیت کی تبدیلی صرف قانون کے مطابق وراثت، باقاعدہ انتقال یا عدالتی حکم کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ فراڈ، جعلسازی یا ملکیتی تنازعات عمومی طور پر سول عدالتوں کا معاملہ ہوتے ہیں، تاہم جہاں ریونیو ریکارڈ میں واضح غیر قانونی تبدیلی ہو وہاں ریونیو حکام خود بھی اصلاح کر سکتے ہیں،ریونیو حکام کا اختیار صرف تنازعات حل کرنا نہیں بلکہ ریکارڈ درست کرنا بھی ہے اور ہر معاملے میں فریقین کو سول کورٹ بھیجنا ضروری نہیں۔ عدالت نے خبردار کیا کہ اگر جعلی اندراجات درست نہ کئے جائیں تو لینڈ ریونیو ایکٹ غیر مو ثر ہو کر رہ جائے گا۔کیس کی تفصیلات کے مطابق ایک بیوہ خاتون نے اپنے شوہر کی 2003 میں وفات کے بعد 152 کنال زمین کسی اور کے نام منتقل ہونے پر ریونیو بورڈ سے رجوع کیا تھا،فیصلے میں کہا گیا کہ شہری ناصر خان نے مبینہ طور پر ریونیو عملے کی ملی بھگت سے زمین اپنے نام منتقل کروائی ،عدالت نے ایڈیشنل کمشنر ریونیو کے اس اقدام کو درست قرار دیا جس میں پراپرٹی کی خریداری کو کالعدم قرار دیا گیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں