پاک، بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند :عطا تارڑ

پاک، بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند :عطا تارڑ

بنگلہ دیشی وفد کی ملاقات ، تاریخی روابط گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور انتظامی و گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل ہیں ، دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے ، یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، گورننس کے نظام، انتظامی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری سمیت مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ،وفاقی وزیر اطلاعات نے وفد کو پاکستان میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی سول سروسز کے درمیان ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کو حالیہ دہائیوں کی اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روابط باہمی اعتماد اور تعمیری تعاون کو مزید فروغ دیں گے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تربیتی و استعداد کار بڑھانے والے اداروں کے مابین تعاون، فیکلٹی ایکسچینج، مشترکہ تحقیق اور تربیتی ماڈیولز کی تیاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ،اس موقع پر ڈائریکٹر سی ٹی پی، سول سروس اکیڈمی، سید شبیر اکبر زیدی نے وفد کو سول سروس اکیڈمی کے اغراض و مقاصد، جدید تربیتی نظام، کورس ماڈیولز، مطالعاتی پروگرامز اور استعداد کار بڑھانے کے مختلف اقدامات پر جامع بریفنگ دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں