مریم نواز کے حکم پر گرینڈ عید آپریشن،صفائی کے نئے معیار اور ریکارڈ قائم
عید کے پہلے دو روز میں دو لاکھ 22 ہزار ٹن ویسٹ کلیکشن، سیفٹی کیمروں کی مدد سے عید اجتماعات کی جامع مانیٹرنگ وزیراعلیٰ نے صفائی اور سکیورٹی آپریشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی،شہریو ں کا مریم اور انکی ٹیم کو خراج تحسین
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی نگرانی میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے دوران پنجاب بھر میں 119 فیصد ہدف مکمل کر لیا گیا۔ پہلے دو روز میں دو لاکھ 22 ہزار ٹن آلائشیں اور ویسٹ اٹھایا گیا جبکہ ستھرا پنجاب ٹیموں نے 32 لاکھ 28 ہزار کلومیٹر سے زائد علاقہ کور کیا۔ سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے عید اجتماعات، گلیوں اور بازاروں کی مسلسل نگرانی کی گئی۔ تمام اضلاع میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہے ۔لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، قصور، بھکر اور دیگر شہروں میں سڑکوں، بازاروں اور قربان گاہوں کو فینائل سے دھو کر عرقِ گلاب سے معطر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دن بھر صفائی اور سکیورٹی آپریشن کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی،شہریوں نے مریم نواز اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔لاہور میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے صفائی آپریشن کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ جاری رہی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔حکومت کے مطابق تمام اضلاع میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا جبکہ تیسرے روز بھی آلائشیں اٹھانے ، سڑکوں کی دھلائی اور صفائی آپریشن جاری رہا۔