ابراہم اکارڈ تسلیم نہیں ، حافظ نعیم اور فضل الرحمن کا اتفاق

ابراہم اکارڈ تسلیم نہیں ، حافظ نعیم اور فضل الرحمن کا اتفاق

امیرجماعت اسلامی کا سربراہ جے یو آئی ف اورپی ٹی آئی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ پٹرول کی قیمت میں 22نہیں،122روپے فوری کمی کی ضرورت ہے :حافظ نعیم

کراچی ،لاہور (سٹاف رپورٹر،نیوزایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں ملکی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ابراہم اکارڈ کو کسی صورت تسلیم نہ کرنے پر اتفاق کیا۔تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کر کے انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس مؤقف پر اتفاق کیا کہ حکومت فلسطین کے حوالے سے واضح پالیسی اپنائے اور ابراہم اکارڈ کو مکمل طور پر مسترد کیا جائے ۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مسئلہ فلسطین پر مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، جبکہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بھی ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قربانی کی کھالوں سے فلاحی سرگرمیوں کو تقویت ملتی ہے ، اس لیے حکومت کھالوں کی مناسب قیمت یقینی بنائے تاکہ فلاحی ادارے مستفید ہو سکیں۔لاہور میں ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں صرف 22 روپے نہیں بلکہ فوری طور پر 122 روپے کمی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس لیے پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے ۔ اگر پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر پر مستحکم کر دی جائے تو معیشت بہتر ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر بوجھ اور معیشت کی خرابی کا سبب بن رہی ہے ، جبکہ آئی ایم ایف کو واضح طور پر انکار کرنے کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں