فہد شہباز فوربز 30 انڈر 30 ایشیا 2026 میں شامل
فہد شہباز دی ڈائنا ایوارڈ، فوربز 30 انڈر 30 ایشیا اعزاز پانیوالے پہلے پاکستانی عطا اللہ تارڑ،شزہ فاطمہ ،بدر شہباز،چیئر مین وزیر اعظم یوتھ پروگرام کی مبارکباد
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز کو فوربز 30 انڈر 30 ایشیا 2026 میں شمولیت پر مبارک باد دی ۔ ہفتہ کو ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ نوجوان پاکستانی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں ، انہیں کامیابیاں حاصل کرتے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے ، فہد شہباز نے مختلف پلیٹ فارمز پر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ فہد شہباز کی یوتھ جنرل اسمبلی میں خدمات اور متنوع تجربہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی میں نمایاں کردار کا حامل ہے ۔ رانا مشہود احمد خان نے اپنی ایکس پوسٹ میں فہد شہباز کو مبارکباد دی اورکہا سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں منتخب ہونے والے واحد پاکستانی کی حیثیت سے فہد شہباز کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے باعث فخر ہے ۔ وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ نے بھی فہد شہباز کو مبارکباد دی۔ فہد شہباز فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء 2026 میں شامل ہو گئے ہیں جہاں وہ یوتھ جنرل اسمبلی پاکستان کے بانی کی حیثیت سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء کی سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں تسلیم کیے جانے والے واحد پاکستانی ہیں جنہیں بیک وقت دی ڈائنا ایوارڈ اور فوربز 30 انڈر 30 ایشیا کا اعزاز حاصل ہے ۔