محسن نقوی سے فیصل کنڈی کی ملاقات، سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا
وزیر داخلہ نے امن و استحکام کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبر دست خراج تحسین
اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن امان کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں انسدادِ دہشتگردی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، گورنر نے صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے وزیر داخلہ آگاہ کیا۔وزیر داخلہ اور گورنر کے پی کے نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، دہشتگردی کے خلاف جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، وفاقی حکومت قیام امن کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے ،اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے خیبر پختونخوا میں امن و استحکام کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔