پنکی کیخلاف قتل کیس میں عبوری چالان پراسیکیوشن کے حوالے

پنکی کیخلاف قتل کیس میں عبوری چالان پراسیکیوشن کے حوالے

کراچی(سٹاف رپورٹر)منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں قتل کے مقدمے میں عبوری چالان پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ گارڈن میں منشیات کے مقدمات میں تفتیشی افسر نے فارنزک جانچ کے لئے جیل میں ملزمہ کی آواز کے نمونے حاصل کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں گارڈن تھانے کی تفتیشی افسر نے عدالت سے جیل میں ملزمہ انمول عرف پنکی کی آواز کا نمونہ ریکارڈ کرنے کی اجازت طلب کر لی۔ تفتیشی افسر کی درخواست کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ کے متعدد وائس نوٹس حاصل ہوئے ہیں، تاہم ملزمہ نے ان وائس نوٹس کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے ۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ منشیات کے مقدمات کی تحقیقات میں مذکورہ وائس نوٹس اہم شواہد کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ملزمہ کی آواز اور دستیاب وائس نوٹس کا فارنزک معائنہ ناگزیر ہے تاکہ ان کی اصلیت اور نسبت کی تصدیق کی جا سکے ۔ دوسری جانب بغدادی تھانے میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کے مقدمے میں تفتیشی افسر نے عبوری چالان شعبہ پراسیکیوشن کے پاس جمع کرا دیا ہے۔

چالان کے مطابق 7 مئی کو مدعی مقدمہ موٹر سائیکل کے کام کے سلسلے میں حاجی پیر محمد روڈ سے گزر رہا تھا کہ اس نے فٹ پاتھ پر ایک شخص کی لاش دیکھی جس کے گرد لوگ جمع تھے ۔ عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ مدعی کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے لاش کو ایمبولینس کے ذریعے بغدادی تھانے منتقل کیا گیا۔ پولیس نے معائنے کے دوران مقتول کی جیب سے ایک ڈبی برآمد کی جس پر گولڈن رنگ میں ’’کوئن میڈیم پنکی، ڈان نام ہی کافی، انجوائے ‘‘درج تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق معلومات حاصل کرنے پر معلوم ہوا کہ انمول عرف پنکی مبینہ طور پر یہ نشہ آور مواد فروخت کرتی ہے ۔ چالان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمہ کے خلاف تاحال تفتیش مکمل نہیں ہو سکی، اس لیے قانونی مدت پوری ہونے پر عبوری چالان جمع کرایا گیا ہے ۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقتول کے جسمانی اعضا کو کیمیکل ایگزامنر رپورٹ موصول ہونے کے بعد حتمی چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شعبہ پراسیکیوشن نے عبوری چالان کی اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے ، جس کے دوران تفتیشی نقائص اور خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پنکی کے خلاف لائنز ایریا کے رہائشی شہروز کی مدعیت میں بغدادی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں