میدان لگ گیا، گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں کل انتخابات ہوں گے

گلگت بلتستان:(دنیا نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں کل انتخابات ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا، 24 حلقوں میں 1368 پولنگ سٹیشنز قائم جن میں 830 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 780 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 55 ہزار سے زائد ہے۔

دوسری جانب 396 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جن میں 266 آزاد امیدوار بھی شامل ہیں اور انتخابی عمل میں 7 خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں۔

اِسی طرح ووٹرز کی سہولت کے لیے 2447 پولنگ بوتھز قائم کیے گئے ہیں، انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے 17 ہزار 500 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

علاوہ ازیں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، کل گلگت بلتستان کے عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں