واٹر کارپوریشن مکمل تباہ حالی کا شکار ہو چکی،متحدہ ارکان اسمبلی

واٹر کارپوریشن مکمل تباہ حالی کا شکار ہو چکی،متحدہ ارکان اسمبلی

پمپنگ اسٹیشنز سمیت لائنوں کا نظام بوسیدہ ،افسران مراعات کے مزے لوٹ رہے شہری پانی کو ترس رہے ،نجکاری بند اور کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم پاکستان کے اراکین نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں جاری مبینہ مالی بے ضابطگیوں، اعلیٰ افسران کو کروڑوں روپے کی غیر قانونی ادائیگیوں اور غریب مزدوروں کے واجبا ت میں طویل تاخیر پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن مکمل تباہ حالی کا شکار ہوچکی ہے جبکہ اہل کراچی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران ہے اور پمپنگ اسٹیشنز سمیت لائنوں کا نظام بوسیدہ ہوچکا ہے ، جبکہ دوسری جانب افسران بھاری تنخواہوں اور مراعات کے مزے لوٹ رہے ہیں جو عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔

ارکان اسمبلی نے مزید کہا کہ مزدور اور نچلا عملہ کئی ماہ سے اپنے جائز واجبات کے حصول کے لیے دربدر ہے ، مگر انتظامیہ کی توجہ صرف کروڑوں روپے کے فنڈز ٹھکانے لگانے پر مرکوز ہے ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ واٹر کارپوریشن کے مالی معاملات، افسران کی تنخواہوں، اضافی مراعات اور مبینہ کرپشن کی شفاف و غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں کیونکہ اگر ادارے کی موجودہ تباہ کن صورتحال برقرار رہی تو کراچی کا پانی کا نظام مکمل طور پر ناکارہ ہوجائے گا۔ اراکین سندھ اسمبلی نے واضح کیا کہ اصلاحات کے نام پر نجکاری کا ظالمانہ عمل فی الفور بند کیا جائے ، نااہل اور کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کو بنیادی ضرورت پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اس وقت کراچی کے عوام شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ افسر شاہی صرف اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں