خارجی کمانڈرز منشیات کے عادی غیراخلاقی حرکات میں ملوث

خارجی کمانڈرز منشیات کے عادی  غیراخلاقی حرکات میں ملوث

پشاور(دنیا نیوز)پاکستانی سکیورٹی فورسزکے ہاتھوں گرفتار خارجی دہشتگرد عمر دین عرف جذبہ کا اعترافی بیان میں کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کو افغانستان میں موجود خارجی کمانڈروں سے مالی معاونت حاصل ہوتی ہے۔

عمر دین نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس نے والد سے لڑنے کے بعد ٹی ٹی پی فتنہ الخوارج میں شمولیت اختیار کی۔عمر دین نے بتایا کہ خوارج کو افغانستان سے مالی وسائل اور اسلحہ فراہم کیا جاتا ہے، افغانستان سے اسلحہ پاکستان سمگل کیا جاتا ہے ، تمام خارجی کمانڈروں کے ساتھ 60 سے 70 افغانی ہیں اور میں نے بھی افغانستان سے راکٹ لانچر سمیت دیگر اسلحہ چلانے کی ٹریننگ لی۔گرفتار خارجی نے کہا خوارج کا یہ نیٹ ورک شادی خیل بیس پر حملے اور کوٹہ خواہ روڈ پر دھماکے میں بھی ملوث تھا، اس واقعہ میں7 پولیس اہلکار ماہ رمضان میں شہید ہوئے ۔عمر دین نے فتنہ الخوارج کی اصلیت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ خارجی کمانڈر شریعت کے نفاذ اور جہاد کے نام پر نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، ان کا اسلام سے دور تک کوئی تعلق نہیں ۔ خارجی منشیات کے عادی ہیں اور مرکز کے اندر غیراخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، خارجی کمانڈر اپنی پسند کے لڑکوں سے غیراخلاقی حرکات کرتے ہیں۔یہ خارجی گروہ بھتہ خوری، گاڑیاں چھیننے اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث ہیں، گرفتار دہشتگرد نے کہا میری تمام نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ خوارج کے جھوٹے دعوؤں سے بچیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں