وفاق پختونخوا کو اس کے حقوق نہیں دے رہا :فیصل کنڈی
مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں، پختونخوا کو گندم کیوں نہیں دے سکتیں؟
پشاور(این این آئی،اے پی پی)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق اس صوبے کو اس کے حقوق نہیں دے رہا، وفاق بجلی اور پانی کے پیسے صوبے کو نہیں دے رہا، مریم نواز باکو میں روٹیاں لگا سکتی ہیں تو پختونخوا کو گندم کیوں نہیں دے سکتیں؟صوبے کے حقوق کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس مل کر کام کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پشاور میں منعقدہ تقریب، رحمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد پشاور میں ہیلتھ کیئر ایجوکیشن آرٹیفیشل انٹلیجنس سمٹ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندی آئین کی روح کے منافی ہے ، پنجاب سے گندم لانا سونے کے بسکٹ لانے سے بھی مشکل کام ہے ، وزیراعظم شہباز سپیڈ استعمال کرتے ہوئے یہ ایشو حل کرائیں یا سندھ سے گندم منگوانے میں رکاوٹیں دور کی جائیں ۔گورنر پختونخوا نے کہا کہ پنجاب سے آٹا کی فراہمی روک دی ، یہ اس صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے ۔ اس صوبے کے پاس بجلی، گیس ، پانی ہے ، اگر یہاں سے بھی یہ بند کردیا جائے تو کیا ہوگا؟، ہم سب کو پاکستان کا سوچنا چاہیے ۔