امریکا، ایران مذاکرات میں آخری ہدف قریب :شہبازشریف

امریکا، ایران مذاکرات میں آخری ہدف قریب :شہبازشریف

فریقین تشدد ، تباہی کے راستے کی بجائے امن اور سفارتکاری کی راہ پر قائم رہیں تحمل،بردباری کا مظاہرہ کریں،امن کو ایک مزید موقع دیں،وزیر اعظم کی اپیل

اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات میں آخری ہدف حاصل ہونے کے قریب ہے ، انہوں نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ تشدد کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے فریقین سے تحمل و بردباری ، امن کو مزید ایک موقع دینے اور تشدد اور تباہی کے راستے کی بجائے امن اور سفارتکاری کی راہ پر قائم رہنے کی اپیل کی ہے ،وزیراعظم نے " ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ تشدد میں اضافہ اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ ایک کمزور اور غیر مستحکم جنگ بندی کتنے سنگین خطرات اور ناقابلِ برداشت نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے برادر ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس تنازع کے پرامن سفارتی حل کے لئے خلوصِ نیت سے اور انتھک کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایک منصفانہ اور پائیدار حل کا مقصد قریب دکھائی دے رہا ہے ہم تمام فریقوں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور امن کو مزید ایک موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تشدد اور تباہی کے راستے کی بجائے امن اور سفارتکاری کی اس راہ پر قائم رہنا ہوگا جس کی کامیابی کے امکانات روشن اور حوصلہ افزا ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں