کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف مقدمات بحال

کالعدم ایکشن کمیٹی  کیخلاف مقدمات بحال

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) آزاد کشمیر حکومت نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو احتجاجی مقدمات سے متعلق دی گئی سابقہ رعایتیں واپس لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 177 ایف آئی آرز بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔

 حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 4 اکتوبر 2025 کو ہونے والے معاہدے کے تحت تمام معاملات کو عملدرآمد کمیٹی کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا ، تاہم حکومت کا موقف ہے کہ سڑکوں پر آ کر احتجاج، دبا ئو ڈالنے اور انتشار پیدا کرنے کی کوششیں معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ،نوٹیفکیشن کے مطابق معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد پہلے ختم یا واپس لئے گئے مقدمات کو معاہدے کی شقوں کے مطابق دوبارہ بحال کر دیا گیا ۔حکومتی اعلا میہ کے مطابق 177 ایف آئی آرز سے متعلق سابقہ فیصلے واپس لے لئے گئے ہیں اب کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی ، معاہدے کی روح کے مطابق تمام فریقین کو اپنے تحفظات اور مطالبات طے شدہ فورم پر پیش کرنے تھے ، تاہم احتجاجی سرگرمیوں کے باعث حکومت کو یہ اقدامات کرنا پڑے ، حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے ، دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما سعد انصاری کے بھائیوں محسن انصاری ،احسن انصاری نے ایک ویڈیو پیغام میں کمیٹی کی سرگرمیوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پرتشدد احتجاج اور تصادم سے دور رہنے کی اپیل کی ،ویڈیو بیان میں محسن انصاری نے کہا کہ عوامی حقوق کی بات کرنا مناسب ہے ، تاہم ان کے بقول جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایسے راستے پر گامزن ہے جس کے نتائج نقصان دہ ہو سکتے ہیں ،ویڈیو پیغام میں احسن انصاری نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی تحریک کا حصہ بننے سے گریز کریں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں