رضا کارانہ طور پر خون دینے والے پورے معاشرے کے محسن :مریم نواز

رضا  کارانہ  طور  پر  خون  دینے  والے  پورے  معاشرے کے محسن :مریم  نواز

نوجوان بلڈڈونیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،نیک عمل سے وابستہ ہر فرد کو سلام : عالمی بلڈ ڈونر ڈے پر پیغام وز یر اعلیٰ کا مصنوعی درخت منصوبے ’’لیکوئڈ ٹری‘‘کی توسیع کا فیصلہ،صحتیابی کے بعد آج سے باضابطہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی

لاہور (نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے پراپنے پیغام میں عوام اور خاص طور پر نوجوانوں سے بلڈڈونیشن کے کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ  خون کا عطیہ کرنے والے نیک عمل سے وابستہ ہر فرد کو سلام پیش کرتے ہیں۔رضاکارانہ طور پر بلڈ ڈونیشن کرنے والے کسی ایک فرد یا خاندان نہیں بلکہ پورے معاشرے کے محسن ہیں،سیف سٹی ویب سائٹ یا قریبی پولیس خدمت مرکز پر بھی بطور ڈونر رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے ۔ پنجاب کو پاکستان کا پہلاباقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 4کا بٹن دبانے سے ورچوئل بلڈ بینک سے رابطہ ممکن ہے ۔ ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے ضرورت مند مریض کا رابطہ ڈونرسے ممکن ہوتا ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مصنوعی درخت منصوبے ‘‘لیکوئڈ ٹری’’ کے کامیاب تجربے کو وسعت دینے کا فیصلہ کیاہے ،لیکوئڈ ٹری کا کامیاب تجربہ صوبہ پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کی جنگ میں بڑی تبدیلی لائے گا۔ پہلے مرحلے میں ‘‘لِیکوئڈ ٹریز’’ کو بڑے مالز انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں جگہوں پر لگایا جائے گا۔یہ ٹیکنالوجی شہری علاقوں میں آلودگی کم کرنے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گی۔

‘‘لیکوئڈ ٹری’’ پانی میں ایل جی پیدا کرکے ‘‘بائیو ری ایکٹر’’ کے ذریعے ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ صاف کرنے کا جدید سائنسی طریقہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ طریقہ شہروں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور سموگ کے خاتمے کا جدید ترین سائنسی طریقہ کار ہے ۔بڑے پلازوں، کمرشل ایریاز میں مصنوعی درخت اصلی درختوں کی طرح ماحول بہتر بنائیں گے ۔ پاکستان کا پہلا ای پی اے تصدیق شدہ ‘‘لِیکوئڈ ٹری’’ فیصل آباد سے لاہور پہنچ رہا ہے ۔ 1987 سے اب تک ای پی اے پنجاب کی جانب سے تصدیق پانے والی یہ پہلی ٹیکنالوجی ہے جو مصنوعی درخت کی صورت میں کاربن ڈائی آکسائیڈجذب کرے گی۔ سب سے مؤثر ایل جی سکھر، سندھ سے ملی اس کے بیج لے کر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے وہیں کاشت کیے گئے -سسٹم میں اے آئی بیسڈ کیلکولیٹر لگا ہے جو بتاتا ہے کہ ایک وقت میں کتنا کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب ہو رہا ہے اور کتنی آکسیجن ریلیز ہو رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے آلودگی کے خاتمے کے لیے \'بائیو مصنوعی درخت\' کی تیاری پر ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے )، محقیقین اور تمام ٹیم کو شاباش دی اور کہاکہ لیکوئڈ ٹری کا آزمائشی مرحلہ صوبہ پنجاب کے محقیقین، بائیو سائنٹسٹس اور ای پی اے کی تخلیقی صلاحیت، مہارت اور جذبے کا ثبوت ہے ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ مریم نواز سرجری کے بعد گھر سے ہی حکومتی امور انجام دے رہی تھیں تاہم اب مکمل صحتیاب ہونے کے بعد وہ آج سے اپنے دفتر آکر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں