ڈار سے اطالوی، جاپانی،برطانوی وزراکارابطہ ،ثالثی کو سراہا

ڈار سے اطالوی، جاپانی،برطانوی  وزراکارابطہ ،ثالثی کو سراہا

اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو اٹلی ، جاپان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے فون کر کے ایران امریکا مفاہمت میں پاکستان کی ثالثی کی ستائش کی ہے۔

 اٹلی کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے فون کر کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد نہایت اہم ہے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو جاری رکھا جانا چاہیے ۔ اس ضمن میں لبنان سمیت پورے خطے میں امن کے فروغ کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔نائب وزیراعظم کو جاپان کے وزیر خارجہ توشیمیتسو موتیگی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جاپانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کے مسلسل ثالثی کے کردار اور تعمیری سفارتی کوششوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پورے عمل کے دوران مثبت اور فعال کردار ادا کیا، جس نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کے حصول اور پیش رفت میں اہم مدد فراہم کی۔ اسحاق ڈار سے برطانیہ کے دفتر خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور (FCDO) کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہیمش فالکنر ایم پی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااورایران امریکا مصالحت کیلئے پاکستانی کوششوں پرگہری قدردانی کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں