مردان :پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کوحادثہ ،دونوں پائلٹ شہید

 مردان :پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کوحادثہ ،دونوں پائلٹ شہید

فلائٹ لیفٹیننٹ قاسم عبداللہ،لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہوئے ، فیلڈ مارشل کا اظہار افسوس بہادر سپوتوں کی شہادت پوری قوم کیلئے ایک دل خراش سانحہ ہے :بلاول کی بھی تعزیت

راولپنڈی ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا ،دونوں پائلٹ شہید ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گزشتہ روز معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ (پاک فضائیہ)اور لیفٹیننٹ طہٰ عباسی (پاک بحریہ)جامِ شہادت نوش کر گئے ۔ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، سروسز چیفس اور مسلح افواج کے افسران وجوانوں نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ادھر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی حادثے پر اظہار افسوس کرتے اپنے تعزیتی بیان میں شہید افسروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کے ان بہادر سپوتوں کی شہادت پوری قوم کیلئے ایک دل خراش سانحہ ہے ،شہداء کی خدمات اور قربانی کو ہمیشہ فخر اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں