راولپنڈی:سپورٹس سکیموں کا تخمینہ لاگت10 ارب سے زائد
آئندہ مالی سال کوٹلی ستیاں سپورٹس گرائونڈ ، بھوربن کمپلیکس کیلئے ساڑھے 8 کروڑ فراہم لیاقت باغ کمپلیکس کیلئے 5کروڑ 72 لاکھ ،ٹیکسلا کمپلیکس کیلئے 19 کروڑ 99 لاکھ مختص کلر سیداں سپورٹس کمپلیکس 6کروڑ ،دیگر اضلاع میں گرائونڈزکیلئے 7 کروڑ جاری ہونگے
راولپنڈی(زاہداعوان )حکومت پنجاب نے مالی سال 27-2026 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی سرگرمیوں اور سپورٹس انفراسٹرکچر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مجموعی طور پر 73 ارب 21 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کا تخمینہ لگایا ہے ، جس کے تحت جولائی 2026 میں سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے لیے 5 ارب 50 کروڑ روپے کی مجموعی رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس خطیر بجٹ سے صوبے بھر میں 193 جاری سکیموں سمیت اربوں روپے کی نئی میگا سکیمیں شروع کی جائیں گی، جن میں لاہور میں''مریم نواز سپورٹس سٹی''کے لیے فزیبلٹی اور سیڈ منی کے طور پر 50 ارب 20 کروڑ روپے کا تاریخی منصوبہ، پنجاب بھر میں کھیلوں کی بحالی کے لیے 3 ارب 30 کروڑ روپے اور چیف منسٹر یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کے لیے 65 کروڑ روپے کے نئے منصوبے شامل ہیں، جبکہ جاری سکیموں میں باقاعدہ پروگرامز، چیف منسٹر انیشیٹو اور چیف منسٹر کھیلتا پنجاب کے تحت گرانڈز، جیمنیزیم اور سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع (راولپنڈی، مری، جہلم، اٹک، چکوال اور تلہ گنگ)میں سپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے انفرادی اور مشترکہ سکیموں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 10 ارب روپے سے زائد بنتا ہے۔ انفرادی اضلاع کے لحاظ سے مری میں کوٹلی ستیاں کے مقام پر سپورٹس گرائونڈ کی تعمیر کے جاری منصوبے پر 9 کروڑ 16 لاکھ روپے کی کل لاگت کا تخمینہ ہے جس کے لیے نئے مالی سال میں 3 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مری بھوربن میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 13 کروڑ 99 لاکھ روپے کی کل لاگت رکھی گئی ہے جس میں سے نئے مالی سال کے لیے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے ۔ڈویژنل ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں چیف منسٹر انیشیٹو کے تحت تاریخی لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس کی بحالی کے منصوبے پر 9 کروڑ 47 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے جس کے لیے نئے مالی سال میں 5 کروڑ 72 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے جائیں گے ، اس کے علاوہ تحصیل ٹیکسلا میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پر 19 کروڑ 99 لاکھ روپے جبکہ تحصیل کلر سیداں میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے اہم منصوبے پر 14 کروڑ 57 لاکھ روپے کی بھاری لاگت آئے گی جس کے لیے نئے مالی سال میں 6 کروڑ روپے کی رقم مختص کر دی گئی ہے۔
ضلع جہلم میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ پر جدید سنسیٹک ہاکی ٹرف کی انسٹالیشن کا بڑا منصوبہ شامل کیا گیا ہے جس کی مجموعی لاگت 27 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے اور نئے سال میں اس کے لیے 7 کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔علاوہ ازیں، راولپنڈی ڈویژن کے دیگر اضلاع بشمول اٹک، چکوال اور تلہ گنگ کے نوجوانوں کے لیے صوبائی سطح کے مشترکہ فیز ٹوپروگرام کے تحت کھیلوں کے موجودہ ڈھانچے میں متبادل اور لاپتہ آلات، سہولیات اور اشیا کی فراہمی کے لیے 17 کروڑ 11 لاکھ روپے کا مشترکہ منصوبہ جاری ہے جس کے لیے نئے مالی سال میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح چکوال اور تلہ گنگ سمیت دیگر اضلاع میں سپورٹس گرائونڈز کے قیام کے لیے 36 کروڑ 62 لاکھ روپے کی مشترکہ سکیم پر نئے مالی سال میں 7 کروڑ روپے جاری ہوں گے۔