نئے ہجری سال کا آغاز ،آئیے برداشت اور باہمی احترام کا عہد کریں :صدر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان سمیت عالم اسلام کو نئے ہجری سال 1448ھ کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہجری سال کا آغاز ہمیں تاریخِ اسلام کے اس عظیم اور فیصلہ کن واقعے کی یاد دلاتا ہے جب نبی کریم ﷺ اور آپﷺ کے جاں نثار صحابہ کرام رضی اﷲ تعالی عنہم نے اﷲ تعالی کی رضا، دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح کے لئے ہجرت مدینہ کا عظیم سفر اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ قربانی، صبر، استقامت، اخوت، ایثار اور اﷲ تعالی پر کامل توکل کا لازوال درس دیتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہجرت نبوی ﷺ ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ قومیں صرف مادی وسائل سے نہیں بلکہ اعلی اخلاق، عدل، دیانت، اتحاد اور مشترکہ مقاصد سے ترقی کرتی ہیں۔ مدینہ منورہ میں قائم ہونے والی ریاست نے رواداری، قانون کی حکمرانی، انسانی مساوات، باہمی احترام اور فلاح عامہ کی ایسی روشن مثال قائم کی جو آج بھی دنیا کے لیے مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ہجری سال کے آغاز پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں برداشت، محبت، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے ، آئیے نئے ہجری سال کا استقبال اس عزم کے ساتھ کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں گے ، قانون کی پاسداری کریں گے ، قومی یکجہتی کو مضبوط بنائیں گے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالی نئے ہجری سال کو پاکستان، عالم اسلام اور پوری انسانیت کے لیے امن، برکت، رحمت اور خوشحالی کا سال بنائے۔ آمین