پنجاب پولیس کے سال میں 41 ارب سے زائد اضافی اخراجات
سی سی ڈی کو 1 ارب 33 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ :رپورٹ اسمبلی پیش مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے 45 کروڑ کے آنسو گیس شیل بھی خریدے گئے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب پولیس نے ایک سال میں 41ارب روپے سے زائد کے اضافی اخراجات کرڈالے ۔ پنجاب پولیس کی جانب سے مالی سال 2025-2026میں کئے گئے اضافی اخراجات کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔ فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق پنجاب پولیس نے ایک سال میں مختلف سکیورٹی انتظامات،خریداری کیلئے 41ارب روپے سے زائد کے اخراجات کئے۔ سی ٹی ڈی کیلئے خصوصی سامان خریدنے پر 43 کروڑ روپے خرچ ہوئے ، مذہبی سیاسی جماعت کے احتجاج کے دوران جلائی یا ٹوٹ پھوٹ کی شکار گاڑیوں کی مرمت پر 5 کروڑ سے زائد رقم خرچ ہوئی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی ) کو 1 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد کی سپلیمنٹری گرانٹ دی گئی۔ اسی طرح ڈی جی خان اور کوہ سلمان کے علاقوں میں سی ٹی ڈی کا دائرہ اختیار بڑھانے کیلئے 46 کروڑ روپے ،صوبہ بھر میں مظاہروں کو کنٹرول کرنے کیلئے اینٹی رائٹ فورس پر89 کروڑ روپے سے زائدخرچ ہوئے جبکہ 45 کروڑ روپے کے آنسو گیس شیل خریدے گئے ۔صوبے میں پولیس کیلئے 20 جدید ترین محفوظ آرمرڈ سکیورٹی گاڑیاں خریدنے پر بھی 1 ارب روپے سے زائد خرچ کئے گئے ۔