بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے :سارہ احمد

 بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے :سارہ احمد

والدین بچوں پر نظر رکھیں اور واقعہ کامقدمہ درج کروائیں:چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن قانون کا خوف اور معاشرتی شعور اجاگر کرناضروری :جبران ناصر ’’دنیامہربخاری کیساتھ ‘‘

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن پنجاب سارہ احمد نے کہا ہے کہ سرگودھا میں پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ پہلا واقعہ نہیں، اس نوعیت کے کئی افسوسناک واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ کراچی میں بھی تین سالہ بچی کو قتل کیا گیا، یہ ایسا مسئلہ ہے جسے کوئی ایک فرد یا ادارہ اکیلے حل نہیں کر سکتا۔ پروگرام ‘‘مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ بھی اتنا فعال نہیں جتنا ہونا چاہیے ، اگر تمام ادارے مکمل طور پر مو ثر ہوتے تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ایسے مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ وہ عبرت کا نشان بن جائیں اور دیگر لوگ بھی ایسے جرائم سے باز رہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو تنہا باہر نہ جانے دیں اور بچوں پر مسلسل نظر رکھیں اور ہر واقعہ کامقدمہ درج کروائیں، بچوں کو یہ آگاہی دینا ضروری ہے کہ اگر کوئی شخص انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کرے تو وہ فوراً اپنے والدین کو آگاہ کریں۔ پروگرام میں شریک سماجی کارکن جبران ناصر نے کہا کہ حالیہ چند واقعات میں بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا اور ان جرائم میں ملوث افراد پوری طرح باہوش اور باخبر تھے ۔ یہ افراد جانتے تھے کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور انہیں قانون کے مو ثر نفاذ کا خوف نہیں تھا۔اس صورتحال میں نہ صرف ادارے بلکہ بطور معاشرہ بھی ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا تاکہ بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں