ایران امریکا امن عمل، پاکستان کے قائدانہ کردار کی عالمی پذیرائی
دانشمندانہ سفارتکاری سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملا، معاشی مواقع روشن پاکستان نے قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر منوایا:رائٹرز، ماڈرن ڈپلومیسی کا تجزیہ
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن کی جانب پیش رفت میں پاکستان کے فعال اور موثر سفارتی کردار کو عالمی سطح پر ھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ پاکستان کی دانشمندانہ سفارت کاری نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا سبب بنی بلکہ اس کے نتیجے میں ملک کے لیے اہم معاشی اور تجارتی مواقع بھی روشن ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان نے حالیہ علاقائی صورتحال میں ایک ذمہ دار اور تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے خود کو امن کے داعی اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر منوایا ہے ۔ برطانیہ کے وزیر مشرق وسطیٰ و جنوبی ایشیا ہمیش فالکنر نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ بین الاقوامی جریدے ماڈرن ڈپلومیسی نے اپنے تجزیے میں کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ میں بہتری غیر ملکی سرمایہ کاری، تجارتی مواقع اور بین الاقوامی مالی تعاون کے حصول میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ۔ ماہرین کے مطابق پاکستان نہ صرف خطے میں امن و استحکام کا ضامن بن کر ابھرا بلکہ تیزی سے ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو عالمی سرمایہ کاری، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی ترقی کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔