ایران سے تیل وگیس خریدیں گے ، ابھی کچھ رکاوٹیں ہیں:رانا تنویر
کشمیر میں بدامنی کے پیچھے بھارتی فنڈنگ کے ناقابل تردید ثبوت اور شواہد موجود تحریک انصاف حقیقی سیاسی جماعت بنے تو اس سے مذاکرات ہوسکتے ہیں :وفاقی وزیر
کالا شاہ کاکو،مریدکے ،لاہور(نامہ نگار، این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بدامنی کے پیچھے بھارتی فنڈنگ کے ناقابل تردید ثبوت اور شواہد موجود ہیں ،ریاستی اداروں نے بھارت کی سازش کو ناکام بنادیا ،ایران سے تیل اور گیس خریدیں گے مگر ابھی کچھ رکاوٹیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی وزیر اعظم شہباز شریف سے متعلق کوئی بات کرنے سے پہلے اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے کچھ کریں ،ہم سمجھتے ہیں پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ،اگر پاکستان تحریک انصاف ایک حقیقی سیاسی جماعت کے طور پر کردار ادا کرے تو اس کے ساتھ ہر سطح پر مذاکرات کیے جا سکتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا ہے کہ ایران سے امریکی پابندیاں تو ہٹ گئیں لیکن یورپی یونین سمیت دیگر ممالک کی طرف سے اسے ابھی سرٹیفکیٹ نہیں ملا ،جب معاملات درست ہوئے تو سب سے پہلے ایران سے پاکستان تیل اورگیس خریدے گا،ایران امریکا جنگ کے اثرات آٹھ ماہ سے دو سال تک رہ سکتے ہیں ،اسرائیل سے جلد جان چھوٹ جائے گی ۔